کینیا میں مسافر گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ ،6 افراد ہلاک

الشباب جنگجوئوں نے 14 نشستوں والی مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا،پولیس

اتوار 10 مئی 2026 17:10

نیروبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) کینیا کے سرحدی علاقے میں مسافر گاڑی پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ کینیا کے ضلع منڈیرا میں صومالیہ کی سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں مشتبہ الشباب جنگجوں نے 14 نشستوں والی مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا۔حکام کا کہنا تھا کہ حملہ منڈیرا شہر سے تقریبا 8 کلومیٹر دور بیئر،اوایون گائوں کے قریب دوپہر کے وقت ہوا، جب مسلح افراد نے گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

منڈیرا کائونٹی کے پولیس کمانڈر رابنسن اینڈیواکے مطابق گاڑی منڈیرا شہر سے عربیہ کے علاقے کی جانب جا رہی تھی اور مسافروں میں ایک ہی خاندان کے افراد شامل تھے، جو ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے سفر کر رہے تھے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکار حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ صومالیہ کی سرحد کی جانب فرار ہوگئے۔اگرچہ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم سکیورٹی حکام کو شبہ ہے کہ کارروائی شدت پسند تنظیم الشباب نے کی ہے، جو اس سرحدی علاقے میں ماضی میں بھی متعدد حملوں میں ملوث رہی ہے۔