لبنان اسرائیلی جرائم کی دستاویز سازی اور انہیں اقوام متحدہ میں پیش کرنے کے لیے پر عزم

منگل 12 مئی 2026 11:57

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیلی جنگی جرائم کی دستاویز سازی جاری رکھنے اور انہیں اقوام متحدہ میں پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیاہے۔عرب ٹی وی کے مطابق نواف سلام نے وزارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات پال مرقص نے کہا کہ اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم سلام نے اسرائیلی حملوں میں توسیع، جنگی جرائم کی دستاویز سازی اور انہیں اقوام متحدہ میں پیش کرنے کی اہمیت پر بات کی۔

انہوں نے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کا بھی انکشاف کیا جس کے تحت وہ لبنان میں ہونے والے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے جلد ہی لبنان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اداروں بالخصوص ورلڈ بینک کے تعاون اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے تباہی، نقصانات اور نقصانات کی دستاویز سازی کو مکمل کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری جاری ہے۔ ہر وزارت اپنے دائرہ اختیار میں نقصانات، بالخصوص معاشی نقصانات اور دیہات کو مسمار کیے جانے کی دستاویز سازی کر رہی ہے