جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں نئی عمارتوں کا سنگ بنیاد

منگل 12 مئی 2026 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) کراچی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں نئی انتظامی اور اکیڈمک عمارتوں کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو اور وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے شرکت کی۔وزیر جامعات نے بتایا کہ منصوبے پر دو ارب 86 کروڑ 86 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ تعمیراتی کام تین برس میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت دو 11 منزلہ اکیڈمک و ایڈمنسٹریشن بلاکس تعمیر کیے جائیں گے جن میں جدید کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز، ریسرچ ہالز، فزیو تھراپی، طلبہ کے لیے جم اور انڈور گیمز کی سہولیات موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پہلی منزل پر 800 نشستوں کا جدید آڈیٹوریم جبکہ دوسری منزل پر 500 طلبہ کی گنجائش والی جدید لائبریری قائم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پانچ منزلہ ملٹی پرپز بلڈنگ بھی تعمیر کی جائے گی جس میں نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبوں کے لیے جدید لیبز اور لیکچر ہالز قائم ہوں گے۔

محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور گزشتہ سات برسوں میں جامعات کی گرانٹس میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ اعلی تعلیم کے ادارے مزید مثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔