بزرگوں کی فلاح کےلئے بڑا تعلیمی قدم،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نیا کورس لانچ کرے گی

جمعرات 14 مئی 2026 17:45

بزرگوں کی فلاح کےلئے بڑا تعلیمی قدم،علامہ اقبال  اوپن یونیورسٹی نیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بزرگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک اہم تعلیمی اقدام اٹھاتے ہوئے سمسٹر بہار 2027 سے بزرگوں کی نگہداشت کا خصوصی سرٹیفیکیٹ کورس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کورس کی تیاری اور نصاب کی تشکیل کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کی افتتاحی تقریب کی صدارت فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیرمحمد نے کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بزرگ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث ان کی بہتر دیکھ بھال کے لئے تربیت یافتہ افراد کی ضرورت بڑھتی جارہی ہے۔ تقریب میں سیمکا، کامن ویلتھ ایجوکیشنل میڈیا سینٹر برائے ایشیا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بشیر احمد شیڈرک نے نئی دہلی سے آن لائن شرکت کی جبکہ دیگر مقررین میں چیئرمین نیوٹریشن سائنسز اینڈ انوائرمنٹل ڈیزائن ڈاکٹر ظہیر احمد، معروف نیورو سرجن ڈاکٹر خلیق الزمان، الائٹ پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر طارق چیمہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر اورک، ڈاکٹر صائمہ ناصر، ڈاکٹر ہاجرہ احمد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید شامل تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کورس ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے اس میں سائیکالوجی، ہیومن بی ہیویر، غذائیت، ذہنی و جسمانی صحت، بزرگوں کی جذباتی ضروریات اور سماجی روابط جیسے اہم موضوعات شامل کرنے پر زور دیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کورس کو اس انداز سے ترتیب دیا جائے کہ طلبہ بزرگ افراد کی نگہداشت کے ہر پہلو سے مکمل آگاہی حاصل کرسکیں۔

ورکشاپ کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورس کو جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تشکیل دیا جائے گا تاکہ اس سے وابستہ طلبہ ملک و بیرون ملک پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے قابل ہوسکیں۔ مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا یہ اقدام معاشرے میں بزرگ افراد کی عزت، بہتر نگہداشت اور فلاح و بہبود کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔