نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرکے انہیں بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

منگل 12 مئی 2026 21:39

نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرکے انہیں بین الاقوامی مارکیٹ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی بورڈ کا 10واں اجلاس یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات، کارکردگی، مالی نظم و ضبط اور سالانہ مالی امور سے متعلق مختلف ایجنڈا نکات کی منظوری دی گئی اجلاس میں بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کو فعال، مؤثر اور دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اس موقع پر صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرامز متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے جاری پروگرامز میں جدت لانے پر بھی زور دیا گیا اجلاس میں ماہرین کی مشاورت سے فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے جامع اور قابلِ عمل پلان متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے فنی تربیت کے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرکے انہیں بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ترقیاتی اخراجات کا حجم ہر سال غیر معمولی حد تک بڑھ رہا ہے جبکہ ہر فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں اس لیے تکنیکی تعلیم و تربیت کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے اجلاس میں بلوچستان میں جاری اوورسیز یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پروگرام میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والی فرمز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے بیرون ملک بھجوائے گئے بعض نوجوانوں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کیا انہوں نے شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والی فرمز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ہنر مند نوجوانوں کے لیے ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھانے کے اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر مستقبل حاصل کرسکیں