وزیراعلیٰ سندھ کا حیدرآباد میں شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے پر کام فوری شروع کرنے کا حکم

منگل 12 مئی 2026 22:13

وزیراعلیٰ سندھ کا حیدرآباد میں شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2026ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبے پر اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو، وزیر ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد میں شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے پر کام فوری شروع کرنے کا حکم دیا اورہدایت کی کہ فلائی اوور کو جولائی کے پہلے ہفتے تک مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ کا جولائی میں فلائی اوور کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔منصوبے کے لئے زمین کا قبضہ سنہ 2018ء میں دیا گیا تھا، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ قانونی چارہ جوئی اور دیگر مسائل کے باعث تعمیراتی کام رکا ہوا تھا، حیدرآباد بائی پاس سے اکرم واہ تک منصوبہ وفاقی اسکیم کا حصہ تھا، صوبائی حکومت پہلے ہی کافی سول ورکس مکمل کر چکی ہے، 24 پل گرڈرز کی کاسٹنگ مکمل کی گئی ہے، تاہم ڈھانچہ ابھی تک نامکمل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام تکنیکی اور مالی رکاوٹیں فوری حل کرنے کی ہدایت دیدی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلائی اوور منصوبے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، فلائی اوور شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے اہم منصوبہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکموں کو فوری کوآرڈینیشن اور کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر ورکس نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ فلائی اوور کے ترقیاتی کام کی نگرانی کروں گا۔علی حسن زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر جولائی تک فلائی اوور کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔