Live Updates

آزاد جموں و کشمیر سٹیٹ سکاؤٹ کونسل کے 53ویں سالانہ اجلاس کا انعقاد

منگل 12 مئی 2026 19:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) آزاد جموں و کشمیر سٹیٹ سکاؤٹ کونسل کے 53ویں سالانہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا، جس میں وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی پیٹرن چیف، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نائب صدر، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل حسین بخاری پروونشل کمشنر منتخب ہوئے۔ پبلک ریلیشن آفیسر ٹو وزیر تعلیم سکولز محمد تاج چک نے بھی بطور ممبر پروونشل سکائوٹ کونسل کا حلف لیا۔

اجلاس میں بھمبر سے نیلم تک کالجز ، سکولز اور دیگر محکمہ جات کے سینئر مینجمنٹ آفیسران نے اراکین کونسل کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام مجید اور ہدیہ نعت رسالت مآبؐ سے ہوا۔ ما بعد سابق صدر و چیف سکاؤٹ آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فوج کے آفیسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے آئی ایس پی آر کے تاریخی رول پر ہدیہ تبریک پیش کیا گیا۔ اجلاس میں قومی کونسل، ایگزیکٹیو کمیٹی، فنانس سب کمیٹی کے لیے PEC کی منظور کردہ سفارشات کی توثیق کی گئی۔

نائب صوبائی کمشنرز، خازن اور پروونشل سیکرٹری کے منصب پر فائز عہدو ں کی تجدید کی منظوری دی گئی۔ سال 2024-25، 2025-26 کے اخراجات اور 2026-27 کے بجٹ کی منظوری کے علاوہ آزاد کشمیر میں کمشنر سیمینارز، GSL سیمینارز، اساتذہ کے لیے تربیتی کورسز، تعلیمی اداروں کی سطح پر سکائوٹس کی ایمر جنسی کے حوالہ سے تربیتی پروگرام کی منظوری دی گئی۔ شرکائے اجلاس کی جانب سے سال 2026 کی قومی تقریبات کو گراس روٹ لیول پر شاندار انداز میں انعقاد اور قومی شجر کاری مہم کو بھر پور انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ناظم اعلیٰ E&SE(M) سردار محمد شفیق خان اور ڈسٹرکٹ سکاؤٹ کمشنر جہلم ویلی سید احمد حسن شاہ کی تحریک پر آزاد کشمیر بھر کے پرائیویٹ سکولز اور کالجز میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو سکاؤٹنگ اور گائیڈنگ کی تعلیم و تربیت کے لیے تحت قواعد مؤثر اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے داخلی استحکام اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات