میمفس گریزلز کے مایہ ناز فارورڈ 29 سالہ برینڈن کلارک انتقال کر گئے

بدھ 13 مئی 2026 08:26

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) باسکٹ بال کی دنیا سے ایک انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں میمفس گریزلز کے معروف کھلاڑی برینڈن کلارک 29 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق این بی اے ٹیم کی جانب سے اس المناک خبر کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے بعد کھیل کے حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔کینیڈا میں پیدا ہونے والے اس باصلاحیت کھلاڑی کو 2019 کے ڈرافٹ میں پہلے راؤنڈ میں منتخب کیا گیا تھا۔

انجری مسائل کے باعث وہ رواں سیزن میں صرف 2 میچز ہی کھیل سکے تھے۔ میمفس گریزلز نے اپنے بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بڑے نقصان پر دل شکستہ ہیں۔ اگرچہ ابھی تک موت کی وجوہات سامنے نہیں لائی گئی ہیں، تاہم ٹیم کا کہنا ہے کہ برینڈن کلارک نہ صرف ایک بہترین کھلاڑی تھے بلکہ ایک شاندار انسان بھی تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

(جاری ہے)

برینڈن کلارک نے اپنے این بی اے کیریئر میں مجموعی طور پر 309 میچز کھیلے جن میں انہوں نے اوسطاً دس اعشاریہ دو پوائنٹس فی میچ سکور کیے۔ وہ وینکوور میں پیدا ہوئے اور ان کے پاس کینیڈا اور امریکہ کی دوہری شہریت تھی۔ کالج باسکٹ بال میں سان ہوزے سٹیٹ اور گونزاگا کی نمائندگی کرنے کے بعد، انہیں اوکلاہوما سٹی تھنڈر نے منتخب کیا تھا اور بعد ازاں وہ میمفس گریزلز کا حصہ بن گئے تھے۔

این بی اے کمشنر ایڈم سلور نے بھی اپنے تعزیتی بیان میں برینڈن کلارک کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم لیڈر تھے جنہوں نے ہمیشہ جنون اور ہمت کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ ان کی ایجنسی پرائیورٹی سپورٹس نے انہیں ایک نرم دل روح قرار دیا ہے جو اپنے دوستوں اور خاندان کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔