انمول پنکی آج کل منشیات کی ایک نئی اور مہنگی قسم تیار کرنے پر بھی کام کر رہی تھی،ذرائع

جمعرات 14 مئی 2026 12:00

انمول پنکی آج کل منشیات کی ایک نئی اور مہنگی قسم تیار کرنے پر بھی کام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) تفتیشی ذرائع کے مطابق خاتون ڈرگ ڈیلر انمول پنکی آج کل منشیات کی ایک نئی اور مہنگی قسم تیار کرنے پر بھی کام کر رہی تھی اور اگر اسے گرفتار نہ کیا جاتا تو آئندہ چند ماہ میں وہ نئی قسم کی کوکین متعارف کرا سکتی تھی۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے بتایا کہ پورے ملک میں اس کے معیار کی کوکین کوئی اور تیار کر ہی نہیں سکتا، ملزمہ نہ صرف مہنگی ترین کوکین تیار کرتی تھی بلکہ اپنی تیار کردہ کوکین کو گولڈ کا نام دیتی تھی اور اسے خصوصی پیکنگ میں فروخت کیا جاتا تھا۔

انمول پنکی کی گرفتاری کیلیے مارے گئے چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں چھوٹی ڈبیاں اور شیشیاں بھی برآمد ہوئیں جن پر کوئن میڈم پنکی ڈان انگریزی میں درج تھا۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام کے مطابق ہائی پروفائل کیس میں گرفتار خاتون ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کا منشیات کا نیٹ ورک انتہائی منظم انداز میں کام کر رہا تھا، جو خاص طور پر شہر کے پوش علاقوں میں مہنگی منشیات، خصوصا کوکین، کی سپلائی میں ملوث تھا۔

ذرائع کے مطابق انمول پنکی کا مرکزی ہدف پوش علاقوں میں ہونے والی نجی پارٹیاں تھیں، جبکہ اس کا گینگ مختلف تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کی سپلائی میں سرگرم رہا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں بعض پولیس اہلکار، خواتین اور مسافر کوچوں کے ڈرائیور بھی شامل تھے، جو منشیات کی ترسیل میں کردار ادا کرتے تھے۔ ملزمہ کا دعوی تھا کہ وہ اعلی معیار کی کوکین تیار کرنے کی مہارت رکھتی ہے اور محض سپلائر نہیں بلکہ خود کوکین میکر بھی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ملزمہ انمول پنکی نے پنجاب پولیس کے ایک سابق انسپکٹر سے دوسری شادی کر رکھی تھی، وہ ایک کرائے کے مکان میں قائم خفیہ لیبارٹری میں منشیات تیار کرتی تھی، جہاں جدید کیمیکلز اور آلات کی مدد سے کوکین کی مقدار بڑھائی جاتی تھی۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے لاہور میں ایک لیبارٹری قائم کر رکھی تھی جہاں لیٹوکین، کیٹا مائین، میتھ اور ایفیڈرین جیسے کیمیکلز کی مدد سے 300 گرام کوکین کی مقدار بڑھا کر تقریبا ایک کلوگرام تک تیار کی جاتی تھی۔

ذرائع کے مطابق انمول پنکی منشیات کی ایک نئی اور مہنگی قسم تیار کرنے پر بھی کام کر رہی تھی، اور اگر اسے گرفتار نہ کیا جاتا تو آئندہ چند ماہ میں وہ نئی قسم کی کوکین متعارف کرا سکتی تھی۔گرفتاری کے وقت ملزمہ کے قبضے سے برآمد ہونے والی کوکین کی مالیت مقامی مارکیٹ میں 4 سے 5 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت تقریبا 20 کروڑ روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔