گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر لاپتہ، حکام نے اغوا کا خدشہ ظاہر کردیا

دونوں اعلیٰ عہدیداران سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ مستونگ کے قریب ان سے رابطہ منقطع ہو گیا؛ ڈپٹی کمشنر

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مئی 2026 12:09

گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر لاپتہ، حکام نے اغوا ..
گوادر/مستونگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) صوبہ بلوچستان سے ایک انتہائی تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جہاں گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر لاپتہ ہو گئے ہیں، دونوں سینیئر حکام ایک سرکاری دورے پر کوئٹہ جا رہے تھے جب وہ اچانک لاپتہ ہوئے، خدشہ ہے کہ دونوں افسران کو ان کی گاڑی سمیت مستونگ کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے جمعرات کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد گوادر سے کوئٹہ سفر کے دوران لاپتہ ہوئے، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کا کہنا ہے کہ دونوں اعلیٰ عہدیداران سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ مستونگ کے قریب ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ دونوں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، لاپتہ حکام کا سراغ لگانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تلاش کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں، اس واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وائس چانسلر اور ان کے نائب کی باحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔