Live Updates

آپ کا دوست ہونا میرے لیے اعزاز ہے، میں سب سے کہتا ہوں آپ عظیم رہنما ہیں، ٹرمپ کا چینی صدر سے مکالمہ

امریکی صدر کی شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، اس دوران دونوں صدور کے درمیان گفتگو دو گھنٹے تک جاری رہی، امریکی وفد ملاقات کیلئے پیپلز ہال پہنچا جہاں ان کا والہانہ استقبال ہوا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مئی 2026 11:30

آپ کا دوست ہونا میرے لیے اعزاز ہے، میں سب سے کہتا ہوں آپ عظیم رہنما ہیں، ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا دوست ہونا میرے لیے اعزاز ہے، میں سب سے کہتا ہوں کہ آپ ایک عظیم رہنما ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی ہے، چینی اور امریکی صدور کے درمیان گفتگو دو گھنٹے تک جاری رہی،  امریکی وفد ملاقات کیلئے پیپلز ہال پہنچا جہاں ان کا والہانہ استقبال ہوا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ آج صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرنا باعث اعزاز ہے، اور آپ کا دوست ہونا اعزاز کی بات ہے، اس دورے پر دنیا کے بہترین کاروباری رہنماؤں کو ساتھ لایا ہوں، بعض لوگوں نے اس ملاقات کو اب تک کی سب سے بڑی سمٹ قرار دیا ہے، صدر شی جن پنگ کے ساتھ تعلقات ہمیشہ سے انتہائی شاندار رہے ہیں، تاریخی سربراہی ملاقات کا سب سے بڑا اور بنیادی فوکس باہمی تجارت پر ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں، اور جب بھی مشکلات آئیں ہم نے مل کر انہیں حل کیا، میں آپ کو کال کرتا تھا اور آپ مجھے کال کرتے تھے، لوگ نہیں جانتے کہ جب بھی ہمیں کوئی مسئلہ درپیش ہوا، ہم نے جلدی حل کرلیا، میں ہر ایک سے یہی کہتا ہوں کہ چینی صدر عظیم رہنما ہیں، دونوں ممالک کے درمیان آنے والی کئی دہائیوں تک بہترین اور مضبوط تعلقات قائم رہیں گے۔

جب کہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکی وفد کو چین میں خوش آمدید کہتے ہیں، چین اورامریکا دو بڑی طاقتیں ہیں، عالمی استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، تمام عالمی بحرانوں کا حل صرف سفارت کاری اور مذاکرات میں ہے، اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کو باہمی احترام اور پر امن بقائے باہمی کے اصولوں پر چلنا ہوگا، عالمی امن اور معاشی ترقی کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کی تاریخی ذمہ داری ہے، پوری دنیا کی نظریں اس وقت بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات پر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چین کی تجارتی ٹیموں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں مجموعی طور پر متوازن اور مثبت نتائج حاصل ہوئے، کاروبار کے لیے چین کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر چلنا ہوگا، تائیوان کا مسئلہ امریکہ اور چین کے تعلقات میں سب سے اہم مسئلہ ہے، تائیوان کی آزادی اور امن ایک ساتھ نہیں چل سکتے، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں، تائیوان کے مسئلے کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو دونوں ملکوں میں تصادم ہوگا۔

شی جن پنگ کہتے ہیں کہ چین کی ترقی میں امریکی کمپنیوں کا بہت زیادہ کردار ہے اور اس سے دونوں فریقوں کو فائدہ ہوا، بیجنگ باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے امریکہ کا خیر مقدم کرتا ہے، دنیا اس وقت ایران تنازع اور عالمی سپلائی چین کے سنگین چیلنجز سے گزر رہی ہے، اس وقت دنیا میں ایسی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں جو ایک صدی میں نہیں دیکھی گئیں، بین الاقوامی صورتحال مسلسل تغیر پذیر اور ہنگامہ خیز ہے، کیا ہم مل کر عالمی چیلنجوں کا مقابلہ اور دنیا کو استحکام فراہم کرسکتے ہیں؟ کیا ہم اپنی دنیا اور اپنے عوام لیے ایک روشن مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں؟ یہ سوالات ہیں جن کا جواب بڑے ممالک کے رہنماؤں کی حیثیت سے ہمیں دینا ہے ۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات