انمول پنکی کو جیل سے تھانے منتقل کرنے کیلئے غیرمعمولی انتظامات

ملزمہ کی منتقلی کیلئے 2 ڈبل کیبن گاڑیاں اور 4 پولیس موبائلیں روانہ کی گئیں، پولیس کے اعلیٰ ترین افسران خود بھی جیل پہنچے؛ اردوپوائنٹ کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مئی 2026 16:05

انمول پنکی کو جیل سے تھانے منتقل کرنے کیلئے غیرمعمولی انتظامات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) کوکین ڈیلر انمول پنکی کو جیل سے تھانے منتقل کرنے کیلئے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے۔ اردو پوائنٹ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق بدنام زمانہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کے حوالے سے مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جس نے سکیورٹی اداروں اور پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالیہ نشانات کھڑے کر دیئے ہیں، کیوں کہ ایک خاتون کو سینٹرل جیل کراچی سے تھانے منتقل کرنے کے لیے جس پروٹوکول کا استعمال کیا گیا، وہ حیران کن تھا، ملزمہ کی منتقلی کے لیے دو ڈبل کیبن گاڑیاں اور 4 پولیس موبائلیں روانہ کی گئیں، جن کی قیادت خود پولیس کے اعلیٰ ترین افسران کر رہے تھے۔

اردو پوائنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انمول پنکی کا تعلق ایک انتہائی غریب گھرانے سے تھا، لیکن وہ اپنی شاطرانہ چالوں اور تیزی کی وجہ سے پولیس کے لیے ایک ناقابلِ تسخیر ہدف بن چکی تھی، ملزمہ گزشتہ 15 سال سے منشیات کا ایک وسیع اور منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی، جو اس کی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہاں اہم سوال یہ ہے کہ اتنے بڑے ادارے اور فورسز اس قدر طویل عرصے تک اس حساس معاملے پر خاموش کیوں رہیں؟۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ ملزمہ کے ایسے 5 سے 6 آڈیو پیغامات سامنے آئے ہیں جنہیں سن کر رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اور خاتون کے اثر و رسوخ کا اندازہ ہوتا ہے، گرفتاری کے وقت ملزمہ کے بیگ میں پستول موجود تھا، لیکن اس نے مزاحمت نہیں کی، اسے شاید یہ پکا یقین تھا کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کی وجہ سے ایک بار پھر بچ جائے گی، بظاہر یہی لگتا ہے کہ انمول پنکی محض ایک منشیات فروش نہیں بلکہ ایک انتہائی طاقتور نیٹ ورک کی سربراہ تھی جس کے تانے بانے بہت گہرے تھے۔