سپیکر قومی اسمبلی کا بارکھان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

جمعرات 14 مئی 2026 16:13

سپیکر قومی اسمبلی کا بارکھان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع بارکھان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے سات دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے افسر اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج نے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے،وطن عزیز کے دفاع اور امن کے قیام کیلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،شہدا نے مادرِ وطن کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی پھیلانے والے عناصر کو ہر محاذ پر شکست ہوگی۔پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ انہوںنے کہاکہ انسدادِ دہشتگردی مہم ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی،پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہداکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداکے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہداکے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔