جدید ٹیکنالوجی اپنانے سے توانائی کے شعبے میں بہترین نتائج حاصل ہوں گے‘ملک فیصل ایوب کھوکھر

جمعرات 14 مئی 2026 17:53

جدید ٹیکنالوجی اپنانے سے توانائی کے شعبے میں بہترین نتائج حاصل ہوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) صوبائی وزیر توانائی پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت محکمہ توانائی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں توانائی کے شعبے سے وابستہ مختلف کمپنیوں کے نمائندگان، متعلقہ افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں مستقبل کی توانائی حکمتِ عملی، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی، پاور سیکٹر کی پائیداری اور عوام کو سستی و معیاری بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر توانائی کو مختلف کمپنیوں کی جانب سے مستقبل کے منصوبوں، توانائی کے متبادل ذرائع، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیداواری استعداد بڑھانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں جدید اور مؤثر اصلاحات کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور بجلی کی پیداوار کو دیرپا بنیادوں پر مستحکم بنایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ صوبے کے عوام کو سستی، معیاری اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب توانائی کے شعبے کے استحکام، جدید خطوط پر استوار کرنے اور پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی کے مقابلے میں ڈومیسٹک گیس کا استعمال توانائی منصوبوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، جس سے نہ صرف پیداواری اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ قومی وسائل کا مؤثر استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

صوبائی وزیر نے چائنہ کی جدید ’’ڈیجیٹل ٹوئن‘‘ ٹیکنالوجی کو توانائی منصوبوں میں متعارف کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے پاور پلانٹس کی کارکردگی، نگرانی اور پیداواری صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اپنانے سے توانائی کے شعبے میں بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی سے براہِ راست صارفین کو ریلیف ملے گا اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ نئے توانائی منصوبوں اور اصلاحاتی تجاویز پر جلد از جلد قابلِ عمل سفارشات پیش کی جائیں تاکہ توانائی کے شعبے میں مؤثر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ماجد اقبال سمیت مختلف کمپنیوں کے عہدیداران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔