ملتان سکھر موٹروے بھونگ انٹرچینج کیلئے 264 ملین روپے جاری

این ایچ اے کے وکیل نے فنڈز جاری ہونے کی تصدیق کردی، سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی

جمعرات 14 مئی 2026 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) وزارت مواصلات نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے منصوبے کے لیے 264 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں، این ایچ اے کے وکیل نے بھی فنڈز جاری ہونے کی تصدیق کی۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محمد آصف نے ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹرچینج کی تعمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار رئیس منیر اپنے وکیل وقار رانا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔وزارت مواصلات نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے منصوبے کے لیے 264 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ این ایچ اے کے وکیل نے بھی فنڈز جاری ہونے کی تصدیق کی۔رئیس منیر کے وکیل وقار رانا نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کو التوا میں رکھا جائے جبکہ وزارت مواصلات نے فنڈز جاری ہونے کے بعد کیس نمٹانے کی استدعا کی۔عدالت نے کیس التوا میں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔