Live Updates

پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی طیاروں کے پر کاٹ دیئے

ایئر انڈیا کو ایک سال میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا جھٹکا، بھارتی ایئرلائن کی مالی حالت ابتر، مستقبل تاریک دکھائی دینے لگا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 15 مئی 2026 15:18

پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی طیاروں کے پر کاٹ دیئے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2026ء) ایران جنگ اور پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش نے بھارتی قومی ایئرلائن کو تاریخی خسارے کے گڑھے میں دھکیل دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کی بڑی کمپنی 'ایئر انڈیا' کے لیے مالی سال 2025/26ء ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے، سنگاپور ایئرلائنز، جو ایئر انڈیا میں 25 فیصد حصص کی مالک ہے، اس نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایئر انڈیا گروپ کو ایک سال میں 2.80 ارب ڈالر (تقریباً 3.56 ارب سنگاپور ڈالر) کا ناقابلِ یقین نقصان ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا کی اس تباہ حالی کے پیچھے تین بڑے عوامل کارفرما ہیں، پاکستان کی جانب سے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی حدود بند کرنے سے ایئر انڈیا کے طویل روٹس نا صرف طویل ہوئے بلکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا، خطے میں جاری ایران جنگ کی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ کی اہم مارکیٹیں اور پروازوں کے راستے بری طرح متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جنگ کے باعث عالمی سطح پر جیٹ فیول کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوا، جس نے ایئر لائن کے منافع کو نگل لیا، ٹاٹا گروپ کی ملکیت میں آنے کے بعد ایئر انڈیا کی بحالی کے جو منصوبے بنائے گئے تھے، وہ اب شدید خطرے میں ہیں، خسارے کے باعث ایئر انڈیا کو اپنی درجنوں بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں، جس سے اس کی ساکھ اور مارکیٹ شیئر دونوں متاثر ہوئے۔

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ سال گجرات میں ہونے والے ڈریم لائنر حادثے (جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے) کے بعد سے ایئر لائن پہلے ہی کڑی نگرانی اور عوامی دباؤ کا شکار تھی، ایئر انڈیا کی اس کمزوری کا فائدہ غیرملکی ایئرلائنز اٹھا رہی ہیں، لوفتھانزا اور کیتھے پیسیفک جیسی کمپنیوں نے بھارتی مارکیٹ میں اپنی سروسز بڑھا دی ہیں، جس سے مقامی ایئرلائن کا مقابلہ مزید مشکل ہوگیا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات