وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم قطر کا ٹیلیفون،مسلسل رابطوں اور قریبی مشاورت کی ضرورت پر اتفاق

شہبازشریف کاعلاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحسین کا اظہار

اتوار 17 مئی 2026 21:25

وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم قطر کا ٹیلیفون،مسلسل رابطوں اور قریبی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اتوارکی شام قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی، کی جانب سے ٹیلیفون موصول ہوا۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور توثیق پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحسین کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل رابطوں اور قریبی مشاورت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سرکاری دور پاکستان کے منتظر ہیں۔دونوں نے گفتگو کے نتائج پر پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔