جی ایچ کیو حملہ کیس‘ عمر ایوب اور زرتاج گل سمیت 12 سزا یافتہ عدالتی اشتہاری ملزمان کے ضمانتی مچلکے اور شورٹی بانڈز ضبط کرنیکا حکم

جمعرات 21 مئی 2026 23:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2026ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمر ایوب اور زرتاج گل سمیت 12 سزا یافتہ عدالتی اشتہاری ملزمان کے ضمانتی مچلکے اور شورٹی بانڈز ضبط کرنے کاحکم دے دیا ہے عدالت نے ملزمان کے ضامنوں کو جاری شوکاز نوٹسوں کے جوابات غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ملزمان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرکے ضامنوں کو 1 لاکھ روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کردیا ہے عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ضامنوں کو 6/6 ماہ قید بھگتنا ہوگی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں مسلسل عدم حاضری اور دانستہ روپوشی پر اشتہاری قرار دئیے گئے 47 ملزمان کو 10/10 سال قید کی سزا سنائی تھی رواں سال 7 مارچ کو عدالت سے سزا پانے والوں میں عمرایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، شہباز گل، زلفی بخاری، اشرف سوہنا، بلال اعجاز اور اعجاز خان جازی سمیت اشتہاری قرار دئیے گئے 47 ملزمان کو 10/10 سال قید اور 5 لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی تھی عدالت نے ملزمان کی تمام جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ 12 ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی عدالت نے راولپنڈی میں زیر سماعت 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی کاروائی کا حکم دیا ہے اس مقدمے میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے کل 44 گواہان کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں اس طرح 118 میں سے 18 ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پائے گئے جبکہ 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ نمبر 708 تھانہ آر اے بازار میں 9 مئی 2023 کو درج کیا گیا تھا۔