سپیکر ملک احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا کی وفد کے ہمراہ ملاقات

ہفتہ 23 مئی 2026 16:41

سپیکر ملک احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2026ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی ای)کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے وفد کے ہمراہ سپیکر ہائوس ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر و سربراہ پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ یونٹ اسامہ خاور گھمن سمیت یو این ایف پی اے کے اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔

وفد نے پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026ء کی تاریخی منظوری پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس قانون کے تحت لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18سال مقرر کی گئی ہے، جسے بچوں کے حقوق کے تحفظ، خواتین کی فلاح اور سماجی انصاف کے فروغ کی جانب ایک اہم اور انقلابی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026ء پر موثر عملدرآمد، ری پروڈکٹیو ہیلتھ بل، آبادی میں توازن، گورننس کی بہتری، خواتین اور بچوں کی صحت، تعلیم، سماجی تحفظ اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ یو این ایف پی اے اور پنجاب اسمبلی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت جاری تعاون کو مزید موثر اور وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ترقی یافتہ، متوازن اور ذمہ دار معاشرے کے قیام کے لیے خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عوامی فلاح، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی سے متعلق مثر قانون سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آبادی اور ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی سازی، ادارہ جاتی اشتراک اور پارلیمانی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے یو این ایف پی اے کے ساتھ جاری شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت، تعلیم، بااختیار بنانے اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مزید مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ یو این ایف پی اے کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے کی جانے والی اصلاحاتی قانون سازی، ویمن کاکس اور چائلڈ رائٹس کاکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026ء بچوں کے حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو این ایف پی اے پاکستان میں خواتین اور بچوں کی فلاح، صحتِ عامہ اور آبادی سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے پنجاب اسمبلی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔