نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف کھلاڑیوں کی سست رفتار کی وجہ بن گئی

ہفتہ 23 مئی 2026 18:04

نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف کھلاڑیوں کی سست رفتار کی وجہ بن گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2026ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ اور ڈیفینڈر سفیان خان نے کھلاڑیوں کی سپیڈ سلو ہونے کا ذمہ دار نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی آسٹروٹرف کو قرار دے دیا۔کھلاڑیوں کے مطابق لاہور کے ٹرف کا کم استعمال کھلاڑیوں کے سپیڈ میں کمی کی وجہ ہے، پرولیگ میں سپیڈ میں بہتری نظر آئے گی۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پرو لیگ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ جاری ہے، کیمپ میں پرو لیگ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کپتان عماد شکیل بٹ اور ڈیفینڈر سفیان خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کھلاڑیوں کی سپیڈ میں کمی کے تبصرے ہم نے بھی سنے ہیں۔عماد بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سپیڈ کم نہیں ہوئی ، ٹرف کے کم استعمال کی وجہ سے سپیڈ سلو ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد گراو نڈ ہے جہاں گیند باونس زیادہ ہوتا ہے اور سپیڈ سلو ہوتی ہے، باہر کے ملک میں جب کھیلیں گے تو سپیڈ میں بہتری نظر آئے گی۔سفیان خان نے کہا کہ اسلام آباد کا آسٹروٹرف یورپیئن ٹرف کے ساتھ تقریباً ملتا جلتا ہے، وہاں سپیڈ کا کوئی ایشو نہیں تھا لیکن یہاں ٹرف کی وجہ سے سپیڈ کم ہوئی ہے اور اس کی وجہ اس ٹرف کا استعمال نہ ہونا ہے۔