انڈر 18ایشیاء کپ،قومی ہاکی ٹیم جاپان پہنچ گئی، ٹائٹل کے لیے تیاریاں مکمل

پیر 25 مئی 2026 17:46

انڈر 18ایشیاء کپ،قومی ہاکی ٹیم جاپان پہنچ گئی، ٹائٹل کے لیے تیاریاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2026ء) ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18ایشیاء کپ 2026ء میں شرکت کے لئے قومی ٹیم جاپان کے شہر اوساکا پہنچ گئی ۔ایونٹ 29مئی سے 6جون تک جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلا جائے گا، جس میں ایشیاء کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ آفیشلز و کھلاڑیوں میں محمد قمر ابراہیم (ہیڈ کوچ)،محمد قمر الحق(مینیجر)،ریحان بٹ(کوچ)،محمد عمر بھٹہ(کوچ)،یاسر اسلام(کوچ)،سید ابو زر عمرائو (ویڈیو اینالسٹ)،عدیل اختر (فزیوتھراپسٹ)،کھلاڑیوں میں غلام مصطفی (گول کیپر)، نعمان (گول کیپر)، عبداللہ اعوان، محمد یحییٰ نجیب،عاصم حیدر، محمد عثمان، محمد زمان، محمد اسنان، حسن اکبر، شاہد اللہ، محمد زنیر، محمد فرحان اسلم، رانا عبد السمیع، عزیر احمد قریشی، عثمان غنی، مزمل سعید، سلمان یاسین، عدیل شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں مرد و خواتین کے الگ الگ مقابلے ہوں گے۔ مینز ایونٹ کے مقابلوں میں 9ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں انڈیا، کوریا، جاپان، چائنیز تائپے اور قازقستان۔پول بی میں پاکستان، ملائیشیا، بنگلہ دیش اور چین شامل ہیں ۔گرین شرٹس اپنے سفر کا آغاز 30مئی کو چین کے خلاف میچ سے کرے گی۔ پاکستان اپنا پہلا میچ پاکستان بمقابلہ چین 30مئی (صبح 11:00 بجی)، دوسرا میچ: پاکستان بمقابلہ ملائیشیا 31مئی (دوپہر 3:00 بجی)، تیسرا میچ: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش 3جون (دوپہر 3:00بجی) کھیلے گا۔

شیڈول کے مطابق گروپ مرحلے کے میچز یکم جون تک جاری رہیں گے، جس کے بعد سیمی فائنلز اور پوزیشن میچز کا مرحلہ شروع ہوگا۔5 جون کو کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کا فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 6 جون کو منعقد ہوگا۔پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی کی زیر نگرانی کیمپ سمیت ایونٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے گئے۔جبکہ کوچز نے قومی ٹیم کو خصوصی طور کوچنگ کے فرائض انجام دیئے۔

پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی ، ڈپٹی ڈی جی پی ایس بی شاہد الاسلام، پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی ,اولمپین حسن سردار ،چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ اولمپین طاہر زمان نے ٹیم کیساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔