جسپریت بمراہ نے ٹونٹی ٹونٹی لیگ کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ کا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

بمراہ نے ممبئی انڈینز کے لیے 13 میچوں میں 8.37 کے اکانومی ریٹ سے 294 رنز دیے اور صرف 4 وکٹیں حاصل کر سکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 مئی 2026 14:02

جسپریت بمراہ نے ٹونٹی ٹونٹی لیگ کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ کا ناپسندیدہ ریکارڈ ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2026ء ) بھارت کے سٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ٹونٹی ٹونٹی لیگ کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ کا انوکھا اور ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیلنے والے 32 سالہ جسپریت بمراہ کا آئی پی ایل 2026ء کا سیزن انتہائی مایوس کن رہا۔ 
جسپریت بمراہ ٹورنامنٹ میں ہر وکٹ کے لیے 100 سے زائد رنز دینے والے پہلے باؤلر بن گئے، بمراہ نے ممبئی انڈینز کے لیے 13 میچوں میں 8.37 کے اکانومی ریٹ سے 410 رنز دیے۔

 
بھارتی پیسر جسپریت بمراہ آئی پی ایل کے 13 میچوں میں صرف 4 وکٹیں حاصل کر سکے، جسپریت بمراہ سیزن کے کسی بھی میچ میں ایک سے زیادہ وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 
آئی پی ایل 2026ء میں جسپریت بمراہ کی باؤلنگ اوسط 102.50 اور اسٹرائیک ریٹ 73.50 رہا۔

(جاری ہے)

 

ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں کسی ٹورنامنٹ میں 40 پلس اوورز کرانے والے 1577 گیند بازوں میں سے بمراہ 100 سے اوپر کی باؤلنگ اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

 
سابق بھارتی سپنر پراگھیان اوجھا آئی پی ایل 2014ء میں 95 کی اوسط سے 4 وکٹیں لیکر اس لسٹ میں دوسرے، بھارتی پیسر پراسدھ کرشنا آئی پی ایل 2019ء میں 94.2 کی اوسط سے 4 وکٹیں لیکر تیسرے، بینی ہاول بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2022ء میں 86.2 کی اوسط سے وکٹیں لیکر چوتھے جب کہ محمد عامر پی ایس ایل 2021ء میں 69.20 کی اوسط سے 5 وکٹیں لیکر اس فہرست میں 5ویں نمبر پر ہیں۔

 
کرکٹ ماہرین کے مطابق اس سال مخالف بیٹرز نے بمراہ کے خلاف خطرہ مول لینے کے بجائے دفاعی حکمت عملی اپنائی۔ 
ممبئی انڈینز کے دیگر باؤلرز کی جانب سے رنز لٹانے کے باعث بیٹرز نے بمراہ کو احتیاط سے کھیلا، وکٹیں نہ ملنے کے باعث جسپریت بمراہ کی باؤلنگ اوسط میں غیر معمولی اضافہ ہوا، تاہم خراب ریکارڈ کے باوجود جسپریت بمراہ بیشتر میچوں میں رنز کی رفتار کو روکنے میں کامیاب رہے۔