یومِ تکبیر پاکستان کے دفاع،خودمختاری اور قومی وقار کی لازوال علامت ہے، رانا مشہود

قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنا ہی یومِ تکبیر کا اصل پیغام ہے، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام

ہفتہ 30 مئی 2026 00:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2026ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کو قائد محمد نواز شریف نے جراتمندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابلِ تسخیر دفاع فراہم کیا،سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے تاریخی فیصلے نے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا اور پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ کیلئے مضبوط بنایا۔

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری بیان میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی غیرت، خود اعتمادی اور دفاعی استحکام کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک مضبوط، ذمہ دار اور پرامن ایٹمی ریاست کے طور پر دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کیلئے ناکام بنایا،قوم اپنے سائنس دانوں، انجینئرز اور افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی وژنری قیادت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ شکست بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنا ہی یومِ تکبیر کا اصل پیغام ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر قسم کے خطرات اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر وارفیئر، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون دفاع مستقبل کی جنگوں کے اہم تقاضے ہیں جن پر پاکستان بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، استقامت اور قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری، تدبر اور طاقت کے ساتھ اپنا دفاع یقینی بنایا،سبز ہلالی پرچم قیامت تک سربلند رہے گا اور پاکستان ہمیشہ مضبوط و مستحکم رہے گا۔