ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کسی فرد واحد نہیںسیاسی عسکری ،عوامی اور قومی دبائو اور اتفاق رائے کا فیصلہ تھا‘ اختر اقبال ڈار

ذوالفقار بھٹو کا تاریخی فقرہ کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے اور پھر انہوں نے ایٹم بم بنا لیا‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

ہفتہ 30 مئی 2026 01:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2026ء) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ تاریخ کی درستگی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو تاریخی حقائق سے آگاہ کیا جائے ،ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کسی فرد واحد کا نہ تھا بلکہ یہ فیصلہ سیاسی عسکری ،عوامی اور قومی دبائو اور اتفاق رائے کا فیصلہ تھا ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج اگر ایٹمی پاور بننے کا سہرہ اور اس تاریخی کامیابی کا تمغہ کسی کے سینے یا سر پر سجانا ہے تو ہمیں حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ سہرا ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر قدیر علی خان کے سر پر سجاتے ہوئے تاریخی کامیابی کے تمغے سیاسی قیادت محمد خان جونیجو ،بے نظیر بھٹو جبکہ عسکری قیادت جنرل ٹکا خان، جنرل ضیا الحق،مرزا اسلم بیگ،جنرل آصف جنجوعہ،جنرل آصف وحید خان اور جنرل کرامت کے سینوں پر سجانا ہوگا کیونکہ یہی وہ سیاسی و عسکری قیادت تھی جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور سالہا سال اس کی آبیاری کرتے رہے لہٰذاایک بٹن دبا کر ایٹمی دھماکہ کرنے والے نواز شریف ہی صرف اس کا کریڈٹ لینے کے اہل نہیں ۔

(جاری ہے)

اختر ڈار نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا تاریخی فقرہ کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے اور پھر انہوں نے ایٹم بم بنا لیا جبکہ ڈاکٹر مجید نظامی کے تاریخی الفاظ کہ نواز شریف آپ ایٹمی دھماکہ کریں وگرنہ قوم آپ کا دھماکہ کردے گی اور پھر ڈاکٹر مجید نظامی نے دھماکہ کروا دیا۔