Live Updates

حافظ آباد میں چالان ہونے پر رکشہ ڈرائیور نے رکشے کو آگ لگا دی، ڈی پی او کا نوٹس، وارڈن معطل

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریلوے پھاٹک کے پاس تعینات ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو روک کر اس کا چالان کاٹ دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 جون 2026 15:09

حافظ آباد میں چالان ہونے پر رکشہ ڈرائیور نے رکشے کو آگ لگا دی، ڈی پی ..
حافظ آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2026ء ) حافظ آباد میں مہنگائی اور بھاری جرمانوں سے پریشان ایک غریب رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک چالان ہونے پر انتہائی مایوسی اور غصے کی حالت میں اپنے ہی رکشے کو آگ لگا دی۔ اطلاعات کے مطابق حافظ آباد کے علاقے ریلوے پھاٹک کے قریب ایک رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک چالان ہونے پر مشتعل ہو کر اپنے ہی رکشے کو برسرِعام آگ لگا کر خاکستر کر دیا، رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ ٹریفک پولیس کی جانب سے آئے روز کیے جانے والے بھاری جرمانوں سے شدید تنگ آ چکا تھا، جس کی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریلوے پھاٹک کے پاس تعینات ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو روک کر اس کا چالان کاٹ دیا، چالان کی پرچی ہاتھ میں آتے ہی رکشہ ڈرائیور شدید مشتعل ہو گیا، اس نے دکانوں اور راہگیروں کے سامنے اپنے رکشے پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی، اور روتے ہوئے دوہائی دی کہ روز روز کے بھاری جرمانوں کے بعد اس کے پاس گھر کا چولہا جلانے کے پیسے نہیں بچتے، ایسی مزدوری سے بہتر ہے اس روزگار کو ہی ختم کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹریفک چالان پر شہری کی جانب سے رکشے کو آگ لگانے کے واقعے کا ڈی پی او حافظ آباد کامران حمید نے فوری طور پر سخت نوٹس لے لیا، انہوں نے عوامی ردِعمل اور واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد ٹریفک وارڈن کو معطل کر کے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ چالان قانون کے مطابق تھا یا شہری کو ناجائز تنگ کیا جا رہا تھا۔                    
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات