موبائل فون لوڈ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاجائے،امام الدین شیخ

موبائل فون کمپنیوں کی غیر ضروری کٹوتیوں نے عوام کو شدید ذہنی اور مالی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے

اتوار 7 جون 2026 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2026ء) پاکستان نظامِ مصطفی سوشل ویلفئر ایسوسی ایشن کے چئرمین اور سابق امیدوار حلقہ این اے 217 امام الدین شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے صارفین کے بیلنس اور پیکیجز کی غیر ضروری کٹوتیوں نے عوام کو شدید ذہنی اور مالی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موبائل کمپنیوں کی مبینہ لوٹ مار فوری طور پر بند کرائی جائے اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جاز، زونگ اور دیگر موبائل نیٹ ورکس کے ہزاروں صارفین اس بات کی شکایت کر رہے ہیں کہ بیلنس لوڈ کروانے یا مخصوص پیکیج ایکٹیویٹ کرنے کے باوجود مختلف اضافی سروسز اور غیر مطلوب پیکیجز خود بخود فعال ہو جاتے ہیں جن کے باعث صارفین کے اکاؤنٹس سے رقم کٹ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اکثر صارفین کو ان سروسز کے بارے میں مکمل معلومات بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔

امام الدین شیخ نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں عام آدمی پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے جبکہ موبائل کمپنیوں کی بلاجواز کٹوتیاں عوام کے لیے مزید اذیت کا سبب بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری کئی مرتبہ کسٹمر سروس سینٹرز پر شکایات درج کرواتے ہیں لیکن ان کے مسائل کا مستقل حل فراہم نہیں کیا جاتا۔انہوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور متعلقہ حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ موبائل کمپنیوں کے خلاف آنے والی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر ضروری کٹوتیوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور صارفین کی اجازت کے بغیر سروسز فعال کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو واضح معلومات، شفاف نظام اور غیر ضروری پیکیجز بند کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ناگزیر ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ موبائل صارفین کے تحفظ کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں اور عوام کو مالی استحصال سے بچایا جائے۔آخر میں امام الدین شیخ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور معاشی استحصال کے خاتمے کے لیے پاکستان نظامِ مصطفیٰ سوشل ویلفئر ایسوسی ایشن اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔