Live Updates

تہران کے قریب بمباری کے بعد بحرین و کویت میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے، آبنائے ہرمز بند کردی

ایرانی فوج نے ڈرون حملوں کے ذریعے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے کمیونیکیشن انٹینا اور ریڈار نیٹ ورک کو اڑا دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جون 2026 10:51

تہران کے قریب بمباری کے بعد بحرین و کویت میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے، ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2026ء) امریکی فوج نے ایران پر بمباری کا نیا دور شروع کیا، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز کی برسات کر دی اور آبنائے ہرمز کو مکمل بند کردیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق آج صبح امریکی افواج نے ایران کے اندر متعدد مقامات پر نئے حملے کیے، جس کے جواب میں ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فوج کے اسٹریٹجک اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں اور خودکش ڈرونز سے جوابی کارروائیاں کی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ آج صبح سویرے امریکی جنگی طیاروں اور میزائلوں نے ایران کے اہم شہروں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا، امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کے دارالحکومت تہران کے مہر آباد ایئر پورٹ، کرج شہر، ابیق اور قزوین میں زوردار دھماکے سنے گئے، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران پر حملوں کے اس نئے دور کے خاتمے اور کارروائی فی الحال روکنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کی اس مہم جوئی کے جواب میں ایران نے انتہائی سخت اور فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی طاقت کے مراکز پر بڑے حملے کیے، پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 12 بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے اردن میں قائم امریکی فوج کے اہم الأزرق ایئر بیس اور کنٹرول سینٹر کو تباہ کیا، اس حملے میں وہاں کھڑے امریکہ کے جدید ترین لڑاکا طیاروں بشمول F 35، F 15 اور F 16 کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایرانی فوج نے ڈرون حملوں کے ذریعے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے کمیونیکیشن انٹینا اور ریڈار نیٹ ورک کو اڑا دیا، اس سنگین صورتحال کے بعد بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اپنے شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہنگامی اپیل کی ہے جب کہ کویت میں بھی امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فوری طور پر اپنی ملکی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کرکے تمام پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پتا چلا ہے کہ معاشی اور دفاعی محاذ پر ایران نے دنیا کو سب سے بڑا جھٹکا دیتے ہوئے عالمی معیشت کی شہ رگ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اس بندش سے دنیا بھر میں تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم امریکی سینٹکام نے ایرانی دعوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی جنگی جہاز پر حملے اور آبنائے ہرمز کی مکمل بندش کی رپورٹس کو غلط قرار دیا، جبکہ اردن ایئر بیس پر نقصان کے حوالے سے ابھی تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات