وائس چانسلر کی زیر صدارت اورک اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، تحقیقی منصوبوں اور نئی پالیسی کا جائزہ

جمعرات 11 جون 2026 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) پنجاب یونیورسٹی آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک)کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈائریکٹر ٹریننگ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر آصف منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن مس سعدیہ احمد، مینیجنگ ڈائریکر حدید پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ زید خالد، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر خالد عثمان، صدر بورڈ آف مینجمنٹ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور انجینئر معاذ محمود، ڈائریکٹر کیو اے ڈی کاسٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ عرفان قادری، سی ای او مرجان پولیمر انڈسٹریز ڈاکٹر محمد عابد، سی ای او عابد اینڈ کمپنی وممبر ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سید سلمان علی، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر حامد سعید، ڈائریکر سنٹر آف ایکسیلینس اِن مالیکیولر بائیولوجی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمٰن، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید نادر حسین، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پولیمر اینڈ ٹیکسٹائل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مقصود خان، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر پروفیسر ڈاکٹر ثانیہ زہرہ ملک، ڈائریکٹر اورک انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عقیل انعام اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرقان ہاشمی ودیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اورک انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عقیل انعام نے جاری تحقیقی اور کمرشلائزیشن سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں اس وقت 5 بین الاقوامی، 37 قومی اور 471 پنجاب یونیورسٹی کے تحقیقی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران پنجاب یونیورسٹی کو 5 نئے قومی پیٹنٹس بھی حاصل ہوئے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں منظور ہونے والی ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پالیسی 2026ء کے اہم خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا بنیادی مقصد یونیورسٹی اور فیکلٹی ممبران کو تحقیق، اختراع اور کمرشلائزیشن کے شعبوں میں مزید ترغیبات فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والی 11ویں انوینشن ٹو انوویشن سمٹ 2026ء اورپِن ٹیک 26ء کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ان تقریبات کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ اساتذہ اور طلبہ کو اپنے تحقیقی منصوبے، ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پیش کرنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔علاوہ ازیں پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون کے تحت ایک بڑے ٹیکنالوجی ایکسپو کے انعقاد کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اورک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحقیق، اختراع اور کمرشلائزیشن کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ پنجاب یونیورسٹی کی قومی و بین الاقوامی درجہ بندی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔