اسلامی نظام کا نفاذ ہی مسائل کا مستقل حل ہی: مجلس احرار

پیر 15 جون 2026 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2026ء) مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے اعلامیے میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ ملک کی نظریاتی و اسلامی شناخت کو نقصان پہنچانے والی بیرونی سازشوں کا سدباب کیا جائے اور قادیانی لابی کی سرپرستی میں جاری لادین و سیکولر سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے۔

اجلاس میں توہین رسالت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ مجلس عاملہ نے حالیہ وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں مکمل اسلامی نظام کے نفاذ پر زور دیا گیا۔

اجلاس نے سوشل میڈیا پر توہینِ رسالت، عریانی اور بداخلاقی پر مبنی مواد، نیز قادیانی سرگرمیوں اور شعائرِ اسلام کے استعمال کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کو چناب نگر میں جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہروں میں ختم نبوت کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔مجلس عاملہ نے مرکزی نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ کی ضلع ساہیوال میں زبان بندی کی مذمت کی اور خطیب جامع مسجد پنجاب یونیورسٹی مولانا خدا بخش مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ اجلاس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی عہدیداران اور مجلس عاملہ کے اراکین نے بھر پور شرکت کی۔