مانسہرہ، رکشہ ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

منگل 16 جون 2026 17:45

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2026ء) مانسہرہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران رکشہ ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق 14 جون کو ایک رکشہ ڈرائیور سواری لے کر لاچی منگ زیارت کے قریب گیا، جہاں دوران انتظار چند نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اسے یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ محمد اظہر خان کے احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ بٹل بشیر خان اور ان کی ٹیم نے دن رات انتھک محنت، جدید تکنیکی ذرائع اور مختلف زاویوں سے تفتیش کے ذریعے واقعہ میں ملوث ملزمان عمر گل ولد امیرالرحمن سکنہ چھترپلین اور شکیل ولد خلیل الرحمن سکنہ کنگڑ میرا کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور لوٹا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔