مانسہرہ ،بٹل پولیس کی کارروائی، رکشہ ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے ملزمان گرفتار ،اسلحہ ،مسروقہ برآمد

منگل 16 جون 2026 20:17

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) مانسہرہ تھانہ بٹل پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ 14-06-2026کو ایک رکشہ ڈرائیور سواری لے کر لاچی منگ زیارت کے قریب گیا، جہاں دورانِ انتظار چند نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اسے یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ کے احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ بٹل بشیر خان اور ان کی ٹیم نے دن رات انتھک محنت، جدید تکنیکی ذرائع اور مختلف زاویوں سے تفتیش کے ذریعے واقعہ کو ٹریس کرتے ہوئے ملوث ملزمان عمر گل ولد امیرالرحمن سکنہ چھتر پلین اور شکیل ولد خلیل الرحمن سکنہ کنگڑ میرا کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور لوٹا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔