زرعی یونیورسٹی میں نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے 2026 سیمینار کا انعقاد

منگل 23 جون 2026 17:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2026ء) ماہرین نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے محفوظ خوراک کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 866 ملین افراد یعنی ہر9میں سے ایک شخص آلودہ خوراک کھانے کے باعث بیمار ہوتا ہے جبکہ سالانہ 15 لاکھ 20 ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر، نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے منعقدہ ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے 2026ء سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز کے ڈین ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ خوراک کا تحفظ عوامی صحت اور غذائی تحفظ کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے خوراک کے معیار کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیارات کو اپنانے اور خوراک کی ترسیل کے تمام مراحل میں سائنسی شواہد پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کے سینٹرل پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف رندھاوا نے کہا کہ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا زیادہ بوجھ برداشت کر رہے ہیں جس کی بڑی وجوہات غیر معیاری غذائی ہینڈلنگ، ناقص صفائی کے انتظامات اور عوامی آگاہی کی کمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر خوراک کے تحفظ اور بہتر غذائیت کے فروغ کے لیے استعداد کار بڑھانے، تحقیق اور کمیونٹی آگاہی پروگراموں کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

پالیسی چیئر ڈاکٹر آصف کامران نے کہا کہ ملک میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی شرح کم کرنے کے لیے مضبوط فریم ورک اور فوڈ سیفٹی تعلیم میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ خوراک کا آغاز آگاہی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل سے ہوتا ہے۔ ڈاکٹر اللہ رکھا نے خوراک میں آلودگی کے خطرات کی نشاندہی اور ان کے مؤثر تدارک کے لیے سائنسی تحقیق اور جدید جدتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی کے نظام، صارفین میں آگاہی مہمات اور جدید فوڈ سیفٹی ٹیکنالوجیز کا استعمال خطرات کو کم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر عائشہ بتول نے شرکا کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوراک کے معیار اور صارفین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زونل مینیجرز محمد عرفان اور مظفر علی نے خوراک کے تحفظ، غذائیت اور عوامی صحت کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک غذائی قلت کے خاتمے اور معاشروں کی صحت و پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔