لاس اینجلس میں امریکی اداکار و میزبان اسکاٹ ایونس سے عامر سجاد کی ملاقات، کومک کون پاکستان 2026 کے انعقاد پر نیک خواہشات کااظہار

جمعرات 2 جولائی 2026 16:59

لاس اینجلس میں امریکی اداکار و میزبان اسکاٹ ایونس سے عامر سجاد کی ملاقات، ..
کراچی/لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں واقع یونیورسل اسٹوڈیوز میں ایک شوٹنگ کے دوران امریکی اداکار اور معروف میزبان اسکاٹ ایونس سے عامر سجاد وینچرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدعامرسجاد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں انجام پائی، جس میں دونوں شخصیات نے میڈیا، انٹرٹینمنٹ، ٹیکنالوجی اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر عامر سجاد نے اسکاٹ ایونس کو بتایا کہ 14 اگست 2026 کو پی سی ہوٹل کراچی میں "کومک کون پاکستان 2026" کے عنوان سے پاکستان کی تاریخ کا ایک منفرد اور بڑے پیمانے کا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر کے علاوہ مختلف ممالک سے بھی ممتاز شخصیات، فنکار، تخلیق کار، اینیمیٹرز، گیمنگ ایکسپرٹس اور دیگر مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

عامر سجاد نے مزید بتایا کہ کومک کون پاکستان میں اینیمیشن، ای-گیمنگ، کاس پلے، تخلیقی آرٹ، جدید ٹیکنالوجی، پاپ کلچر، کامکس اور مختلف دلچسپ مقابلوں سمیت متعدد سرگرمیاں منعقد ہوں گی، جن کا مقصد پاکستان میں تخلیقی صنعت، نوجوان ٹیلنٹ اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

کامک کان پاکستان کی تفصیلات سن کر امریکی اداکار و میزبان اسکاٹ ایونس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس نوعیت کا بین الاقوامی معیار کا ایونٹ خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے عامر سجاد اور ان کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کامک کان پاکستان 2026 شاندار کامیابی حاصل کرے گا اور پاکستان کا مثبت اور جدید تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے مستقبل میں بھی تخلیقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔