اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں ریجنل پولیس آفیسر کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 2 جولائی 2026 17:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن کی زیر صدارت جمعرات کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔تر جمان ڈی آئی خان پولیس کے مطابق یہ اجلاس محرم الحرام کے پرامن اور احسن طریقے سے انعقاد پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع ٹانک کے امن کمیٹی کے ممبران اور معززین کا شکریہ ادا کرنے کے سلسلے میں بلایا گیا تھا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ ضیاء الدین احمد، ایس پی ہیڈکوارٹر، ایس پی سٹی، اور دونوں اضلاع کے امن کمیٹی کے عہدیداران نے شرکت کی۔ شرکاء میں دونوں اضلاع کے معززین،مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندگان بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

آر پی او ڈیرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب مل کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ محرم الحرام ڈیرہ اور ٹانک میں مکمل امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

اس امن کے قیام میں آپ تمام ممبران نے انتظامیہ سے بھرپور تعاون و مثبت کردار ادا کیا اور لمحہ بہ لمحہ ہر مشکل صورتحال سے آگاہ رکھ کر پولیس اور انتظامیہ کے ہاتھ مضبوط کیے۔انہوں نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس خطے نے ماضی میں انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور بڑی قربانیاں دے کر امن حاصل کیا ہے، لہٰذا اب کسی کو بھی ایسے حالات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے خطے کے امن و امان میں خلل آئے۔

بدامنی، انتشار اور عدم استحکام پھیلانے والی ملک دشمن قوتوں کے ناپاک ارادوں کو صرف اور صرف باہمی اتحاد و یگانگت سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر اور معززین سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں کسی بھی شرپسند عنصر کو گھسنے کا کوئی موقع نہ دیں۔اجلاس کے اختتام پر امن کمیٹی کے ممبران، علماء کرام اور تاجران نے محرم الحرام کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے بہترین انتظامات کو سراہا اور مستقبل میں بھی خطے میں مستقل امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ملک کی سلامتی اور آمن و امان کے قیام کے حوالے سے خصوصی دعا کی گئی۔