باغبانپورہ حادثہ؛ خاتون اسکول مالک سمیت 5 افراد گرفتار، غفلت برتنے پر محکمہ تعلیم کی لیڈی افسر معطل

ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے 25 بچوں کو نکال کر بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا، زخمیوں کی طبی امداد جاری

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 جولائی 2026 17:17

باغبانپورہ حادثہ؛ خاتون اسکول مالک سمیت 5 افراد گرفتار، غفلت برتنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2026ء) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسکول کی مالکن خاتون سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، غفلت برتنے پر محکمہ تعلیم کی اعلیٰ خاتون افسر کو بھی عہدے سے معطل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق انکوائری کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسکول کی یہ عمارت بغیر کسی نقشے کی منظوری کے مکمل طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی، محکمہ تعلیم اس اسکول میں لگائے گئے سمر کیمپ سے سرے سے لا علم تھا اور اس حوالے سے کوئی پیشگی اجازت نامہ بھی حاصل نہیں کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری کارروائی کی اور اسکول کی مالکن خاتون نادیہ سمیت 5 ذمہ دار افراد کو حراست میں لے لیا، جن سے تھانے میں تفتیش جاری ہے، دوسری جانب فرائض میں غفلت برتنے اور چیکنگ نہ کرنے پر ایلمنٹری ویمن ونگ کی اے آئی او طاہرہ نذیر کو بھی فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا تو اسکول کی بلڈنگ میں 70 سے 80 کے قریب معصوم بچے موجود تھے، چھت گرنے کی دھماکے دار آواز سنتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور والدین اپنے بچوں کی زندگی کی خیر مانگتے ہوئے اسکول کی طرف دوڑ پڑے، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اب تک ملبے تلے دبے ہوئے 25 معصوم بچوں کو کامیابی سے نکال کر بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا اور زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، تاہم انتہائی افسوس کے ساتھ ایک 8 سالہ معصوم بچہ جس کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

متعلقہ عنوان :