Live Updates

خیبر پختونخوا حکومت کے مالی معاملات کا جامع آڈٹ کرایا جائے، اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی ارباب محمد عثمان کا آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو خط

جمعرات 2 جولائی 2026 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین ارباب محمد عثمان خان نے آڈیٹر جنرل پاکستان کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کے مالی معاملات، ترقیاتی اخراجات اور انتظامی کارکردگی کا جامع عوامی آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اے این پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ارباب محمد عثمان خان نے اپنے خط میں کہا ہے کہ صوبے میں مالی شفافیت، احتساب اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کےلیے حکومت کے ترقیاتی اخراجات، خریداری کے طریقہ کار، سرکاری اداروں کی کارکردگی، عوامی خدمات کی فراہمی، ضمنی گرانٹس کے استعمال اور اہم محکموں کی مالی و انتظامی کارکردگی کا مکمل اور غیر جانبدارانہ آڈٹ ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ سے تجاوز، بڑی مقدار میں ضمنی گرانٹس، ترقیاتی فنڈز کے ناکافی استعمال، منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، کمزور مالی نگرانی، اور آڈٹ کی مسلسل نشاندہی کی جانے والی بے ضابطگیاں صوبے میں طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کر رہی ہیں، ایک جامع آڈٹ ان نظامی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے، عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے، مالی نظم و ضبط کو مضبوط کرنے اور سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، ریکارڈ تک آسان رسائی اور متعلقہ صوبائی محکموں سے مؤثر رابطے کے پیش نظر آڈٹ کا عمل پشاور سے شروع کیا جائے تاکہ آڈٹ بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان عوامی خزانے کے تحفظ، شفاف طرز حکمرانی اور ٹیکس دہندگان کے وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اس معاملے پر ترجیحی بنیادوں پر غور کرتے ہوئے جلد از جلد ضروری کارروائی کا آغاز کرے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات