آزاد کشمیر انتخابات: 45 حلقوں میں 852 امیدوار میدان میں، الیکشن کمیشن نے حتمی فہرست جاری کر دی

320 سے زائد امیدوار دستبردار، 24 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ، انتخابی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان

اتوار 5 جولائی 2026 23:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2026ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 852 امیدوار قسمت آزمائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مرحلے کے دوران 320 سے زائد امیدوار انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو چکے ہیں، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان انتخابی مقابلے کی تصویر مزید واضح ہو گئی ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن کے چار حلقوں میں 98 امیدوار ، کوٹلی کے چھ حلقوں میں 135 امیدوار اور مظفرآباد کے پانچ حلقوں میں 126 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اسی طرح مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 مخصوص نشستوں پر بھی 126 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والی 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ان کے انتخابی نشانات الاٹ کر دیے گئے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے تاکہ انتخابی مہم باقاعدہ طور پر شروع ہو سکے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل آئین اور قانون کے مطابق شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا۔حتمی امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں نے عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔