انسدادِ دہشت گردی عدالت، پی ٹی آئی رہنماوں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع

جمعرات 9 جولائی 2026 15:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2026ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس،عسکری ٹاور،9مئی کے جلا ئوگھیرا ئو اور دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماوں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی جبکہ آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر وکلا سے دلائل طلب کر لئے گئے،انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے 9 مئی کے واقعات میں ن لیگ کے دفتر کو نذرِ آتش کرنے، کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے اور دیگر مقدمات کی سماعت کی۔

عدالت کے روبرو فواد چودھری، اعظم سواتی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ،امتیاز محمود شیخ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ملزمان کے وکلا نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے تمام متعلقہ ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانتوں میں بھی5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

عظمی خان عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ علیمہ خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی،جسے عدالت نے منظور کر لیا۔دریں اثنا انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہائوس،عسکری ٹاور اور 9 مئی کے دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ کی عبوری ضمانتوں میں بھی5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

دونوں ملزمان عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے مسرت جمشید چیمہ کی تفتیش مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق مسرت جمشید چیمہ نے 8 جبکہ جمشید اقبال چیمہ نے 4مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔سماعت کے دوران عدالت نے فواد چودھری، علیمہ خان، عظمی خان، اسد عمر اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔