بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ طالب علم نے چین میں 'پروگریس اسٹار' ایوارڈ جیت لیا

یہ ایوارڈ انہیں نارتھ ایسٹ نارمل یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2025/2026ء کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 16:08

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ طالب علم نے چین میں 'پروگریس اسٹار' ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ پاکستانی طالب علم ثناء اللہ نے چین میں تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’پروگریس اسٹار‘ ایوارڈ اپنے نام کرکے ملک و قوم کا نام روشن کردیا، یہ ایوارڈ انہیں نارتھ ایسٹ نارمل یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2025/2026ء کے دوسرے سمسٹر کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ایسٹ نارمل یونیورسٹی کے پریپریٹری اسکول فار اوورسیز اسٹوڈنٹس نے یکم جولائی کو ثناء اللہ کو ان کی محنت اور لگن کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا، جنہوں نے ستمبر 2025ء سے جولائی 2026ء تک یونیورسٹی میں چینی زبان کی تعلیم حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ نارتھ ایسٹ نارمل یونیورسٹی شمال مشرقی چین کا پہلا ادارہ ہے جسے قومی ایچ ایس کے امتحانات منعقد کرنے کا اختیار حاصل ہے، ثناء اللہ نے پہلے ہی HSK4 کا امتحان پاس کر لیا ہے، جو چینی زبان میں ان کی اعلیٰ تعلیمی مہارت کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

اپنے سیکھنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثناء اللہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کا نصاب انتہائی جامع ہے، جو سننے، بولنے، پڑھنے اور لکھنے کی تمام مہارتوں کو بہتر بناتا ہے، کلاس روم سے باہر یونیورسٹی نے سیکھنے کا ایک بہترین ماحول فراہم کیا جس میں خطاطی کے مقابلے، تقریری مقابلے، گائیکی کے مقابلے، روایتی چینی ثقافتی تجربات اور تاریخی مقامات کے دورے شامل تھے، ان سرگرمیوں نے انہیں عملی طور پر چینی زبان استعمال کرنے میں مدد دی اور چین کی ثقافت کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ کو گہرا کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ثناء اللہ رواں سال ستمبر سے ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں اپنے انڈرگریجویٹ کے سفر کا آغاز کریں گے، یہ یونیورسٹی میرین انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں اپنی مہارت کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، کمپیوٹر سائنس کا شعبہ منتخب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ثناء اللہ نے کہا کہ میں مستقبل میں خلائی مشنز کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں، دلچسپی کے خاص شعبوں میں مشین لرننگ، روبوٹکس، اور سائبر سکیورٹی شامل ہیں، کیونکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈیجیٹلائزیشن تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کے پاس اس ڈیجیٹل تبدیلی میں اپنا حصہ ڈالنے کا بہترین اور وسیع موقع موجود ہے۔