Live Updates

جماعت اہل سنت کے اکابرین کی ڈاکٹر حاجی حنیف طیب سے ملاقات

سرکاردوعالم ﷺاورحسنین کریمین کے گستاخانہ خاکے نشرہونا انتہائی گستاخانہ فعل ہے جس کا مکمل تدارک ہوناچاہیے،گفتگو

جمعرات 9 جولائی 2026 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2026ء) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی نائب امیرڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب سے جماعت اہل سنت کے اکابرین علامہ ابراراحمدرحمانی ،علامہ نسیم احمدصدیقی نے ملاقات اور عیادت کی ،مسروررحمانی بھی موجودتھے۔اس موقع پروفد نے حاجی حنیف طیب کی جلد صحت یابی اوردرازی عمرکے لیے خصوصی دعاکی۔تمام احباب نے ممتازروحانی شخصیت ڈاکٹرپیر فریدالدین قادری کی جلدصحت یابی کے لیے بھی دعاکی۔

ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے رہنماوںنے ایک نجی چینل کی جانب سے سرکاردوعالم ﷺاورحسنین کریمین کے گستاخانہ خاکے نشرکئے جانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی۔انہوںنے کہاکہ یہ انتہائی گستاخانہ فعل ہے جس کا مکمل تدارک ہوناچاہیے۔ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حیائی،بے راہ روی،جنسی ہراسگی،بچوں کے اغوااورقتل کے سنگین واقعات اوراسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرگہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے اسے اخلاقی دیوالیہ پن قراردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی صورت پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ جنگ کے بڑھتے خطرات اورایران امریکہ تناؤ کے منفی اثرت عالمی معیشت پر مرتب ہوناشروع ہوچکے ہیں۔تیل کی ترسیل میں روکاوٹیں عالمی اقتصادیات کے لیے بڑاخطرہ ہیں لہٰذاعلاقائی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں فوری طورپربحال کی جائیں ۔ڈاکٹرحاجی حنیف طیب کامزید کہناتھاکہ کسی بھی مسلم ملک کی سرزمین پرغیر ملکی یابیرونی قوتوں کے فوجی اڈوں کاقیام امت مسلمہ کے اجتماعی مفادات کے منافی اورخطے کے پائیدارامن واستحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہے موجودہ حالات میں جب ایران کی جانب سے مسلم ممالک میں قائم امریکی اڈوں کونشانہ بنایاجارہاہے تواس عمل سے خودمسلم ممالک کے مابین باہمی تعلقات اوربرادرانہ روابط شدیدمتاثر ہونے کا خدشہ پیداہوگیا ہے یہ تشویش ناک صورت حال مسلم ممالک کے حکمرانوں کے لیے ایک بڑالمحہ فکریہ ہے جنہیں اب اپنی سرزمین پرغیر ملکی مداخلت کے خاتمے اورامت کے اتحادکے لیے فوری اورسنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے ۔

انہوںنے اپیل کی کہ مسلم حکمران باہمی تنازعات کو پس پشت ڈال کر اسلامی ممالک کے اتحاد کو یقینی بنائیں ۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات