ْپاکستان اور ترکیہ کا سماجی تحفظ اور خاندانی بہبود کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

منگل 14 جولائی 2026 17:37

ْپاکستان اور ترکیہ کا سماجی تحفظ اور خاندانی بہبود کے شعبے میں تعاون ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) پاکستان اور ترکیہ نے سماجی تحفظ اور خاندانی بہبود کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔فاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین پر نویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر جمہوریہ ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات، محترمہ ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے ترک وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط دوستی، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہ مضبوط تعلقات آج بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سید عمران احمد شاہ نے ترک وفد کو پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، پاکستان بیت المال ، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ اور ٹرسٹ فار وولنٹری آرگنائزیشنز کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارے مستحق اور کمزور طبقات کو سہارا دینے، سماجی تحفظ کو وسعت دینے اور غربت میں کمی کے لیے مختلف پروگراموں پر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ترکیہ کے جدید اور ڈیجیٹل سماجی تحفظ کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شعبے میں ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، خاص طور پر ڈیجیٹل سہولیات، خاندان پر مبنی سماجی تحفظ، معذور افراد کی شمولیت اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے حوالے سے۔

انہوں نے پاکستان بیت المال (PBM) اور Turkish Cooperation and Coordination Agency (TKA) کے درمیان جاری تعاون کو بھی سراہا اور رمضان فوڈ پروگرام اور سینٹرلائزڈ کچن پراجیکٹ کا خصوصی ذکر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک سماجی بہبود اور غربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ منصوبوں، تجربات کے تبادلے اور عملے کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

ترک وزیر محترمہ ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے پاکستان کے سماجی تحفظ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بالخصوص بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مستحق خاندانوں کی مدد اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ اور جمہوریہ ترکیہ کی وزارتِ خاندانی و سماجی خدمات کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دی جائے گی تاکہ سماجی تحفظ، سماجی بہبود، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور بہترین تجربات کے تبادلے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ملاقات میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیراوغلو اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے ترک وزیر کو پاکستانی دوپٹہ اور وزارتی شیلڈ بطور یادگار پیش کیا، جبکہ ترک وزیر نے بھی وفاقی وزیر کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی علامت کے طور پر یادگاری تحفہ پیش کیا۔