لاہور پریس کلب میں رانا محمد عظیم کی صدارت میں پی ایف یو جے اور پی یو جے کا مشترکہ ہنگامی اجلاس

میڈیا اداروں سے ورکروں کی غیر قانونی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی بارے غور کیا گیا‘باہمی مشاورت سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو گرینڈ اتحاد بنانے کے لئے دیگر تنظیموں سے رابطے کرے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2026 20:17

لاہور پریس کلب میں رانا محمد عظیم کی صدارت میں پی ایف یو جے اور پی یو ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2026 ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر رانا محمد عظیم کی صدارت میں پی ایف یو جے اور پی یو جے کا مشترکہ ہنگامی اجلاس لاہور پریس کلب میں منعقدہ ہوا جس میں میڈیا اداروں سے ورکروں کی غیر قانونی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی بارے غور کیا گیا. باہمی مشاورت سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو گرینڈ اتحاد بنانے کے لئے دیگر تنظیموں سے رابطے کرے گی جبکہ اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یوجے میاں محمد ندیم کی سربراہی میں انٹرنیشنل رابط کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا .

(جاری ہے)

اجلاس میں راناعظیم کے علاوہ سینئر صحافی راہنماﺅں سابق صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری ‘ نعیم مصطفی‘ اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یو جے میاں محمد ندیم‘سابق سیکرٹری لاہور پریس کلب شاداب ریاض‘سابق صدر پی ایف یو جے اور لاہور پریس کلب ناصرہ عتیق اور پی یو جے کے صدر میاں شاہد ندیم‘سنیئرنائب صدرپنجاب یونین آف جرنلسٹس عامر سہل ‘سابق جنرل سیکرٹری پی یوجے شاہدچوہدری اور دیگر نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میڈیا ورکرز پر مشکل دور چل رہا ہے جو انتہائی سنگین ہے.

انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور انڈسٹری میں مایوسی پھیل رہی ہے سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مشکل دور میں اپنی گروپ بندیوں کو فراموش کرتے ہوئے سب دھڑے اکٹھے ہو جائیں اور مل کر جدو جہد کریں تاکہ ورکرز کی مشکلات کم کی جاسکیں. صدر پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے بتایا کہ اس ضمن میں دیگر ورکرز تنظیموں اور یونینز سے بھی بات چیت ہو چکی ہے جبکہ سول سوسائٹی تنظیمیوں سے بھی رابطہ ہے.

ان کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب سب کا گھر ہے لہذا صدر لاہور پریس کلب کی قیادت میں سب مل کر جدو جہد کریں گے انہوں نےاعلان کیا کہ اب صرف احتجاج نہیں بلکہ وکلاءبرادری کے ساتھ مل کر قانونی جنگ بھی لڑی جائے گی. انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) پہلے ہی وزیر اعظم،چیئرمین سینیٹ اور وزارت اطلاعات سمیت دیگر اداروں کے سربراہوں کو خط لکھ کر غیر قانونی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں بارے ایکشن لینے کے لئے کہا ہے جبکہ دیگر عالمی تنظیموں سے رابطہ کر کے بھی پاکستانی میڈیا کو درپیش مشکلات بارے آواز اٹھائی جائے گی.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ سنیئرممبران پر مشتمل ایک کمیٹی سیاسی جماعتو ں کے سربراہان‘وفاقی و صوبائی حکومتوں کے عہدیداروں‘انسانی حقوق ‘وکلاءاور ورکرتنظیموں سے رابطے کرکے انہیں حالات کی سنگینی سے آگاہ کرئے گی‘علاوہ ازیں کمیٹی کے ممبران میڈیا مالکان‘اے پی این ایس‘سی پی این ای‘پاکستان براڈکاسٹرایسوسی ایشن ‘بارکونسلوں کے عہدیداروں سمیت دیگر تنظیموں سے ملاقاتیں کرکے انہیں کارکن صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرئے گی.