اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بنانے کا منصوبہ شروع

سیاحت اور فضائی سہولیات کے فروغ کیلئے موجودہ ٹرمینل کو وسعت دی جائےگی، الگ کارگو ٹرمینل تعمیر ہوگا اور پارکنگ کی سہولیات بھی بہتر بنائی جائیں گی، ترجمان پی اے اے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 جولائی 2026 19:36

اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بنانے کا منصوبہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 جولائی 2026ء ) وفاقی حکومت نے اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بنانے کا منصوبہ شروع کردیا ہے، جس کے تحت سیاحت اور فضائی سہولیات کے فروغ کیلئے موجودہ ٹرمینل کو وسعت دی جائےگی، الگ کارگو ٹرمینل تعمیر ہوگا اور پارکنگ کی سہولیات بھی بہتر بنائی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید بنانے کا منصوبہ شروع کردیا ہے۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق منصوبے کے تحت ایئرپورٹ کی ٹرمینل عمارت کا رقبہ 21 ہزار مربع فٹ سے بڑھا کر 39 ہزار مربع فٹ کیا جائے گا۔ روانگی لاؤنج کی گنجائش 300 سے بڑھا کر 900 مسافروں تک کر دی جائے گی، جبکہ آمد لاؤنج کی استعداد 80 سے بڑھا کر 200 مسافروں تک پہنچ جائے گی۔

(جاری ہے)

منصوبے میں روانگی اور آمد کے لانجز کے اندر ایگزیکٹو لانج بھی شامل کیا گیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے چیک اِن کاؤنٹرز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 10 کی جائے گی، جس سے رش کے اوقات میں انتظار کا وقت کم ہوگا۔ اسی طرح پارکنگ کی گنجائش بھی 200 سے بڑھا کر 600 گاڑیوں تک کر دی جائے گی۔ منصوبے میں ایک جدید کارگو آفس بلاک کی تعمیر بھی شامل ہے، اس سے ہوائی اڈے کی آپریشنل صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔ منصوبے کی تکمیل سے سیاحوں اور دیگر مسافروں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ جس سے سامان کی ترسیل کا نظام بہتر ہوگا اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔