نواب ثناء اللہ زہری کی ہدایات پر خضدار، زہری اور جھالاوان کے عوام کیلئے باقاعدگی سے وقت نکالتا ہوں، نوابزادہ امیر حمزہ زہری

جمعرات 16 جولائی 2026 01:40

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2026ء) صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے خضدار میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، قبائلی عمائدین اور دور دراز علاقوں کے مکین شامل تھے ملاقات کے دوران وفود نے اپنے علاقوں کو درپیش دیرینہ اور عوامی مسائل سے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو آگاہ کیا۔

نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے عوامی شکایات اور مسائل کو نہایت توجہ سے سنا اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے، جبکہ بعض معاملات کے فوری حل کی ہدایت بھی دی اس موقع پر صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ خضدار سمیت کئی علاقوں کے شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے کوئٹہ تک نہیں پہنچ پاتے، اس لیے ضروری ہے کہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے آبائی علاقوں کو وقت دینا اور وہاں کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ان کے لیے دلی سکون کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنائ اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایات پر خضدار، زہری اور جھالاوان کے عوام کے لیے باقاعدگی سے وقت نکالتے ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا ازالہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جھالاوان ہاؤس کے دروازے ہر عام و خاص کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔