Live Updates

ایرانی طاقت اور عسکری صلاحیتوں کا بہت بڑا حصہ ابھی تک دنیا کے سامنے ہی نہیں آیا، ترجمان ایرانی فوج

امریکی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو جنگ کا دائرہ کار بالکل نئے خطوں اور محاذوں تک پھیلا دیا جائے گا؛ محمد اکرمنیا کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 جولائی 2026 17:43

ایرانی طاقت اور عسکری صلاحیتوں کا بہت بڑا حصہ ابھی تک دنیا کے سامنے ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2026ء) ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمنیا کا کہنا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی طاقت اور عسکری صلاحیتوں کا ایک بہت بڑا حصہ ایسا ہے جو ابھی تک دنیا کے سامنے ظاہر ہی نہیں کیا گیا، امریکی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو جنگ کا دائرہ کار بالکل نئے خطوں اور محاذوں تک پھیلا دیا جائے گا۔ الجزیرہ کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمنیا نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا کہ اگر امریکی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو جنگ کا دائرہ کار بالکل نئے جغرافیائی خطوں اور محاذوں تک پھیلا دیا جائے گا، ایرانی مسلح افواج کی طاقت اور عسکری صلاحیتوں کا ایک بہت بڑا حصہ ایسا ہے جو ابھی تک دنیا کے سامنے ظاہر ہی نہیں کیا گیا، اگر ہمارے ملک کے خلاف کارروائی جاری رہی تو ایران کا جوابی حملہ حالات کے عین مطابق لیکن دشمن کی توقعات اور سوچ سے کہیں بڑھ کر ہوگا جو تصادم کے نئے محاذ کھول دے گا۔

(جاری ہے)

ایک طرف ایرانی کمانڈرز کی جانب سے خطے کے انفراسٹرکچر کو کچلنے کی دھمکیاں سامنے آئیں، وہیں فوجی ترجمان محمد اکرمنیا نے ہمسایہ ممالک کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی اور واضح کیا کہ ایران کا اپنے پڑوسی ممالک یا خطے کی دیگر اسلامی ریاستوں کے ساتھ تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، تہران ہمیشہ سے علاقائی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن رہا ہے، ایرانی مسلح افواج کا اولین اور مقدس ترین مشن صرف اپنے ملک کے وقار، بقا اور قومی سلامتی کا تحفظ کرنا ہے اور وہ اس ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری طرف ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے اندر کسی بھی قومی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی حماقت کی تو جواب میں خطے بھر میں موجود تمام اہم امریکی تنصیبات کو فوراً تباہ کر دیا جائے گا، صرف امریکی ٹھکانے ہی نہیں بلکہ خطے کا وہ تمام انفراسٹرکچر جو دشمن کے کام آ سکتا ہے ایرانی مسلح افواج کے نشانے پر ہوگا اور اسے اس طرح نیست و نابود کیا جائے گا جیسے اس کا کبھی وجود ہی نہیں تھا۔

جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے عالمی توانائی کی سپلائی لائن کے حوالے سے اپنا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی صورت اور کسی بھی قیمت پر امریکہ کو آبنائے ہرمز میں فوجی یا سفارتی مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، آبنائے ہرمز ایران کے لیے ناقابلِ عبور سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات