شرجیل انعام میمن کی مولانا فضل الرحمان سے متنازع بیان واپس لینے کی اپیل

جمعرات 16 جولائی 2026 17:43

شرجیل انعام میمن کی مولانا فضل الرحمان سے متنازع بیان واپس لینے کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2026ء) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اپیل کی ہے کہ وہ شہداء سے متعلق اپنے بیان کو واپس لیں، کیونکہ اس سے شہداء کے اہل خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے اور موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری قوم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے درخواست ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں، اس سے ان کے قد و قامت اور عزت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، ان کے بارے میں غیر محتاط بیانات سے صرف دشمن قوتیں خوش ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر بھارت میں خوشی منائی گئی، اس لیے ایسے معاملات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت صرف ملازمت یا تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ جذب? شہادت اور قومی خدمت کے تحت انجام دیتی ہیں۔ پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم، سیاسی قیادت، افواج، تاجر برادری اور تمام مکاتب فکر نے متحد ہو کر ملک کا دفاع کیا اور بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان اپنے والدین سے شہادت کی دعا کروا کر محاذ پر جاتے ہیں، اس لیے شہدائ کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے اور اس کی طاقت کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دور اندیش قیادت میں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور کسی کو بھی ایسی حدود عبور نہیں کرنی چاہئیں جن سے قومی مفادات متاثر ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت کے خلاف جدوجہد کی، لیکن کبھی بھی اپنی مسلح افواج کے خلاف بات نہیں کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک غیر ملکی دورے کے دوران جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ "وہ میرے وزیر اعظم ہیں"، کیونکہ قومی معاملات پر ریاستی وقار کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

پریس کانفرنس کے دوران سندھ میں گندم کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منافع خور عناصر نے بڑی مقدار میں گندم ذخیرہ کر رکھی ہے، جس کے باعث مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور اب تک 17 لاکھ ٹن گندم کی ریکوری کی جا چکی ہے۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر گندم حکومت کے حوالے کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شرجیل میمن نے ڈاکٹر آکاش کمار کے قتل کے حوالے سے کہا کہ سندھ حکومت نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور سندھ پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔سوال و جواب کے سیشن میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک تجربہ کار اور مدبر سیاستدان ہیں، انہیں اپنے بیان پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لے لینا چاہیے، اس سے ان کی سیاسی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں وزیر اعظم جو بھی فیصلے کریں گے، وہ ملکی معیشت اور عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر کریں گے۔