میانوالی ،لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہو نے پر ملزم گرفتار

ہفتہ 18 جولائی 2026 23:13

میانوالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) اینٹی کرپشن سرگودھا ڈویژن نے میانوالی میں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ سے ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہو نے پر ملزم سلامت اللہ خان وائرلیس آپریٹر کو گرفتار کر لیا، ملزم نے ساتھی ملزمان کے ساتھ ملی بھگت اور سازباز کرکے 302کے مقدمہ میں ملزم کو بے گناہ کروانے پر 25لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی، ناصر عزیز خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن میانوالی نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا ڈویژن کو خان زمان ولد احمد خان سکنہ کمرمشانی نے درخواست گزاری کہ سائل کے بھانجا نعمت اللہ خان کو قتل کے مقدمہ سے بے گناہ کروانے کے لیے حمید اللہ خان، ہیڈ کانسٹیبل(ریٹائرڈ) اور سلامت اللہ خان، کانسٹیبل اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے افسران کے نام پر 25لاکھ روپے رشوت وصول کی ہے، جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا ڈویژن نے ایکشن لیتے ہوئے فرخ سہیل سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر(تفتیش)، اینٹی کرپشن میانوالی کو انکوائری کرنے کا حکم دیا، دوران انکوائری گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور تمام شواہد اکٹھے کیے گئے، انکوائری کے دوران بھی ملزمان اپنی بے گناہی ثابت نہ کر سکے، جس پر ریجنل ڈائریکٹر، اینٹی کرپشن سرگودھا ڈویژن نے ملزمان کے خلاف رشوت لینے کے جرم میں مقدمہ نمبر11/2025تھانہ اینٹی کرپشن میانوالی میں درج کرنے کے احکامات دئیے اور مقدمہ کی تفتیش ناصر عزیز خان، سرکل آفیسر، اینٹی کرپشن میانوالی کے سپرد کی، دوران تفتیش بھی ملزمان اپنی بے گناہی ثابت نہ کر سکے، جس پر ریجنل ڈائریکٹر، اینٹی کرپشن سرگودھا ڈویژن نے ملزمان کے خلاف جوڈیشل ایکشن منظور کر تے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر نے کا حکم دیا، جس پر ملزم سلامت اللہ خان، وائرلیس آپریٹر پنجاب پولیس میانوالی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ سے قبل از گرفتار ی ضمانت کروا لی اور ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم سلامت اللہ خان وائرلیس آپریٹر، کو احاطہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا گیا،جس سے تفتیش جاری ہے۔