ٌبیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی ایئر چیف سے ملاقات، دفاعی و فضائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

گ*پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار - دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مشقوں، باہمی تربیت، تکنیکی تعاون اور دفاعی و صنعتی اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا، ایئر چیف

جمعرات 30 جولائی 2026 20:50

zاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2026ء) جمہوریہ بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے، جس کی قیادت مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور دفاع کے پہلے نائب وزیر میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ کر رہے تھے، ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، عسکری روابط، دفاعی صنعت، مشترکہ تربیت، تکنیکی اشتراک اور جدید فضائی و خلائی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جدید حکمتِ عملی، خودانحصاری پر مبنی اقدامات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مشقوں، باہمی تربیت، تکنیکی تعاون اور دفاعی و صنعتی اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیلاروسی وفد کے سربراہ میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری، جدید ٹیکنالوجی اور خودانحصاری کے اقدامات کو سراہا اور اسے جدید فضائی افواج کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔وفد نے دفاع، فضائی و خلائی شعبوں، تربیتی پروگراموں اور تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جسے جدید تحقیق، اختراع اور فضائی و خلائی صنعت کے فروغ کے لیے اہم مرکز قرار دیا گیا۔دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی اور ہوا بازی کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔