سعودی عرب میں غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف کریک ڈاؤن

ایک ہفتے میں 12 ہزار سے زائد افراد کو ڈی پورٹ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 اگست 2026 13:33

سعودی عرب میں غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف کریک ڈاؤن
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2026ء) سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری ملک گیر مہم کے دوران ایک ہفتے میں 14 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار اور 12 ہزار 613 غیرملکیوں کو ملک بدر کر دیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 23 سے 29 جولائی کے دوران مختلف سرکاری اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا، ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 14 ہزار 154 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 7 ہزار 103 افراد اقامہ قوانین، 3 ہزار 397 لیبر قوانین اور 3 ہزار 654 افراد سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس عرصے کے دوران 12 ہزار 613 غیرملکیوں کو تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا، جبکہ 30 ہزار 679 افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، زیرِ کارروائی افراد میں سے 17 ہزار 903 کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، 5 ہزار 424 افراد کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی حکام نے بتایا کہ 1 ہزار 418 افراد کو غیرقانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا، 23 افراد ملک سے غیرقانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے، اس کے علاوہ 17 افراد کو غیرقانونی مقیم افراد کو پناہ دینے، ملازمت فراہم کرنے یا ان کی نقل و حمل میں سہولت دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے، انہیں پناہ دینے یا ان کی نقل و حرکت میں مدد کرنے والوں کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ، جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی اور جائیداد کی ضبطی اور سرکاری سطح پر نام شائع کیے جانے جیسی سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، شہری اور مقیم افراد امیگریشن و لیبر قوانین کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔