دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب

چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح معمول پر ہے،نالہ پلکھو اور نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے . پی ڈی ایم اے پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 2 اگست 2026 14:11

دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اگست ۔2026 ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاﺅں میں پانی کا بہاﺅمعمول کے مطابق ہے، دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاﺅ معمول پر ہے. ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالاباغ میں پانی کا بہاﺅ 2 لاکھ 72 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ میں 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاﺅ 3 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے. ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے کہا ہے کہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاﺅں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاﺅ میں اضافے کا خدشہ ہے.

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے.